5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بالائی علاقوں میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع،سردی میں اضافہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ چترال کے لواری ٹنل پر تین انچ برف کی تہہ جم جانے سے واحد زمینی راستہ منقطع ہوگیا ہے۔مظفرآباد شہر اور گردونواح میں گزشتہ رات سے ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔ وادی نیلم، کیل، شاردہ اور بالائی وادی گریز، وادی لیپہ سمیت سدھن گلی میں بھی برف باری کے نئے سلسلے کا آغاز ہوتے ہی سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ ضلع استور میں بھی برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے سے بالائی علاقوں کا استور سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ ادھر چترال اور گردونواح میں بھی گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ جہاں لواری ٹنل پر تین انچ برف کی تہہ جم جانے کے باعث واحد زمینی راستہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔