5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
معروف صحافی اور پی ایف یو جے کے بانی منہاج برنا انتقال کر گئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد…معروف صحافی اور پی ایف یو جے کے بانی صدر منہاج برنا طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ان کی عمر 85 سال تھی ۔۔منہاج برنا کافی عرصے سے بیمار تھے اور اسلام آباد کے اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں آج صبح ان کا انتقال ہوگیا ۔منہاج برنا کی عمر 85 سال تھی ۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج سہ پہر تین بجے راول پنڈی کے ریس کورس گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی ۔ منہاج برنا پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے بانی صدر تھے ۔ چالیس سال سے زائد عرصے تک صحافتی خدمات انجام دیں ۔ ان کا شمار بلند پایہ صحافیوں میں ہوتا ہے ۔ منہاج برنا 1925 میں اتر پردیش کے شہر فرخ آباد قائم گنج میں پیدا ہوئے ۔ عملی زندگی کا آغاز ممبئی میں بطورِ استاد کیا ۔ بعد میں ایک اردو اخبار میں مترجم کے طور پرملازمت اختیارکی ۔ کچھ عرصے بعد ممبئی سے دلی چلے گئے ۔ وہاں جامعہ ملیہ میں کام کیا اور وہیں سے گریجویشن کرنے کے ساتھ کمیونسٹ پارٹی میں شامل ہوگئے ۔ 1949 میں پہلے کوئٹہ اور پھر وہاں سے لاہور منتقل ہوئے ۔ انہوں نے کئی اخبارات میں کام کیا اور بیرون ملک بھی فرائض انجام دیئے ۔ 1978 میں ضیا الحق کے دور میں پریس پر عائد سینسر شپ کے خلاف آواز بلند کی اور تحریک آزادی صحافت میں اہم کردار ادا کیا ۔ منہاج برنا کو مارشل لا اور جمہوری ادوار میں کئی مرتبہ قید و بند کی صعوبتوں کا بھی سامنا کرنا پڑا ۔ اپنی جدوجہد کی بنا پر سیاسی اور صحافی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے ۔ منہاج برنا سینئر سیاست دان معراج محمد خان کے بڑے بھائی تھے ۔ انہوں نے بے نظیر بھٹو کے دور حکومت میں امریکا میں پریس قونصلر کے طور پر بھی فرائض انجام دیئے۔