5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سندھ اسمبلی اجلاس : ولی خان بابر کے قتل پر صحافیوں کا بائیکاٹ
جنگ نیوز -
کراچی …جیو نیوز کے نمایندے ولی خان بابر کی المناک شہادت پر صحافیوں نے سندھ اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ اور واک آؤٹ کیا۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر نثار کھوڑو کی صدارت میں شروع ہوا۔اجلاس میں جیو نیوز کے نمائندے ولی خان بابر کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ولی خان بابر کی شہادت پر اجلاس کی کوریج کیلئے آئے صحافیوں نے بازؤوں پرسیاہ پٹیاں باندھیں کارروائی کامکمل بائیکاٹ کرکے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔ اسمبلی کے باہر صحافیوں نے ظلم اور حق بات کہنے والے صحافی ولی خان بابر کو شہید کرنے والے ملزمان کو کیفر کردار پہنچانے کا بھی مطالبہ کیا۔میڈیا کے نمائندوں نے اپنے احتجاج میں عزم کیا کہ ولی خان بابر کے قتل کیخلاف تمام سرکاری تقریبات کا بائیکاٹ کیا جائیگا۔سندھ اسمبلی کے باہرصحافیوں کے احتجاج میں پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم ، فنکشنل لیگ اور مسلم لیگ ق کے ارکان نے شرکت کی۔احتجاج کے بعد صحافیوں نے اسمبلی سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی۔