5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کے ایس ای میں تیزی ، 100انڈیکس بارہ ہزار533پوائنٹس پر بند
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ہفتے وار کاروبار کے آخری روز تیزی رہی اور انڈیکس اکتیس ماہ بعد بارہ ہزار پانچ سو پوائنٹس کی حد عبور کرگیا۔ جمعہ کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور یہ رحجان دونوں ٹریڈنگ سیشن میں برقرار رہا۔ سرمایہ کار ادھا ر پر کام کرنے کی نئی پروڈکٹ کی منظوری کے بعد مارکیٹ میں زیادہ سرگرم نظر آئے۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 74 پوائنٹس اضافے کے ساتھ بارہ ہزار 533 پوائنٹس پر بند ہوا جو اکتیس ماہ بعد انڈیکس کی بلند ترین سطح ہے۔ اسی طرح کاروباری حجم30 کروڑشیئرز رہا جو نو ماہ بعد کاروباری حجم کی زیادہ سے زیادہ سطح ہے۔آج سب سے زیادہ کام فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کے شیئرز میں ہواجس کی قیمت ایک روپے 95 پیسے اضافے کے ساتھ 41 روپے تین پیسے ہوگئی۔دوسری جانب کے ایس ای تھرٹی انڈیکس 91 پوائنٹس اضافے کے ساتھ بارہ ہزار 329 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تیزی کا یہ رحجان آئندہ ہفتے بھی برقرار رہ سکتا ہے۔