5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مقبوضہ کشمیر میں فوج کی تعداد کم نہیں کریں گے، بھارتی آرمی چیف
جنگ نیوز -
نئی دہلی…بھارتی آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی تعداد میں کمی کی کوئی ضرورت نہیں،ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا جائے گاجو پہلے سے دباؤ کی شکار فوج پر مزید بوجھ ڈال دے، انہوں نے یہ بات نئی دہلی میں کہی ۔ بھارتی آرمی چیف کے بیان سے صرف دو گھنٹے پہلے سیکریٹری داخلہ جی کے پیلانی کا کہنا تھا کہ حکومت مقبوضہ کشمیر سے پچیس فیصد فوج واپس بلانے پر غور کر رہی ہے ۔ بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں فوج پر پہلے ہی بہت زیادہ دباؤ ہے اور کمی کا مطلب فوج پر مزید بوجھ ڈالنا ہے۔ بھارتی آرمی چیف نے اتنا ضرور کہا کہ اگر کوئی پیراملٹری اور پولیس فورسز میں کمی کرنا چاہتا ہے تو اس بارے میں وہ کچھ نہیں کہیں گے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیرمتنازع قانون آرمرڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کو ختم کرنے سے متعلق کہا کہ سب جانتے ہیں کہ فوج کا کیا موقف ہے ، اس وقت یہ معاملہ کابینہ کمیٹی برائے سیکیورٹی کے سامنے ہے ، لہذا اس پر وہ مزید کوئی رائے نہیں دیں گے ،مقبوضہ کشمیر کی بیشتر سیاسی جماعتیں اور عالمی برادری آرمرڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کے خاتمے کا مطالبہ کر رہیہے۔