5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
نیپال نے امریکا کو خبردار کیا تھا کہ وہ دباؤ نہ ڈالے ،امریکی مراسلہ
جنگ نیوز -
واشنگٹن…نیپال کے وزیر خارجہ نے امریکی سفیر کو خبردار کیا تھا کہ امریکا اپنی بات منوانیکیلئے نیپال پر دباؤ نہ ڈالے ورنہ وہ دوسرا بھوٹان بن سکتاہے۔یہ بات امریکی مراسلے میں کہی گئی ہے جو امریکی سفیر جیمز ایف موریارٹی نے واشنگٹن بھیجی تھی۔مراسلے میں امریکی سفیر کی نیپالی وزیر خارجہ سے ملاقات کی تفصیلات بتائی گئی ہیں ،اس میں نیپالی وزیر خارجہ نے امریکی سفیر سے کہا کہ امریکا شاہ گے نندرا سے دیرپا تعلقات چاہتاہے توبات منوانے کے لیے دبا ؤ ڈالنے کے بجائے اپنے روئے میں تبدیلی لائے۔اس پر امریکی سفیر نے کہا کہ شاہ کا رویہ درست نہیں ہے ،امریکا سمجھتاہے کہ شاہ نیپال کو بحران سے نکالنے کے لیے درست اقدامات اٹھائیں ۔اس سلسلے میں انہوں نے تجویز دی کہ شاہ نیپال سیز فائر کریں اور سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کریں،امریکی سفیر نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ شاہ نے درست اقدامات اٹھائے تو امریکا نیپال کی مددکیلئے موجود ہوگا۔امریکی سفیر نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ نیپال تبتی پناہ گزینوں کو بھارت بھجوانے کا سلسلہ بحال کرے اور تبتی ویلفیئر سوسائٹی کی رجسٹریشن بھی کرے۔ان تمام مطالبات پر نیپالی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ جب تک امریکا نیپال کیلئے پالیسی تبدیل نہیں کرتا ان معاملات پر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکتی۔انہوں نے امریکی سفیر کویہ بات بھی باور کرائی کہ نیپال کے طویل مدتی مفادات امریکا سے تعلقات میں ہیں چین یا بھارت سے تعلقات میں نہیں ۔