تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

بالائی علاقوں میں شدید سردی،لواری ٹاپ میں گاڑیاں پھنس گئیں

جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے شمالی و بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ ایبٹ آباد، سوات، مانسہرہ، گلگت اور مظفرآباد کے پہاڑی جبکہ چترال، اسکردو اور غذر کے نواحی علاقوں میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی برف باری وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ایبٹ آباد سے مری جانے والی مرکزی شاہراہ بٹنگی برف پڑنے کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ہے۔سوات میں مالم جبہ، کالام، بحرین، سمیت بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بجلی سمیت گیس کی لوڈشیڈنگ کے سبب ان علاقوں میں لکڑی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے سے لوگ پریشان ہیں۔قبائلی علاقوں کرم ایجنسی ، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں برف باری کے بعد سردی اور دھند کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ نتھیاگلی، ایوبیہ، ٹھنڈیانی اور گلیات کے دیگربالائی مقامات میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے اب بھی جاری ہے۔ کئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔مانسہرہ کے پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ کاغان، شوگران اور ناران کے پہاڑوں پر ایک فٹ تک برف کی تہہ جم چکی ہے۔اسکردوشہرکے گرد ونواح میں برف باری جاری ہے۔ شدید سردی سے لائنوں میں پانی جم گیا ہے۔ چترال میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے جہاں لواری ٹاپ پر 10 فٹ جبکہ لواری ٹنل کے قریب تین فٹ برف کی تہہ جم گئی ہے۔ برف باری کے باعث موصلاتی نظام درہم برہم ہے۔ جبکہ کئی گاڑیاں اور مسافر گزشتہ روز سے برف میں پھنس ہوئے ہیں۔ زیارت کے مقام پر دو گاڑیاں برف میں الٹ گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔غذرشہر سمیت بالائی علاقوں میں شدید برف باری سے موسم سرد ہوگیا ہے۔ کئی علاقوں کا ذمینی رابطہ بھی آپس میں منقطع ہے۔گلگت شہر میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔چمن شہراور گردونواح میں گزشتہ روز ہونے والی موسلا دھار بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا۔مظفرآباد کے گردونواح میں پہاڑوں پر برف باری سے سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ جبکہ سردی کی شدت سے ایندھن کی کھپت میں اضافے کے باعث جلانے کی لکڑی اور گیس کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ ادھر نوسیری کے مقام پر لینڈسلائڈنگ کے باعث آپٹیکل فائبر کٹ جانے سے وادی نیلم کا مواصلاتی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.