تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

عالمی رہنماؤں کا تیونس میں غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کا مطالبہ

جنگ نیوز -
تیونسیا…عالمی رہنماؤں نے تیونس کے صدر زین العابدین کے ملک سے فرار کے بعد شفاف اور غیر جانب دارانہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ چوہتر سالہ صدر زین العابدین نے حکومت مخالف مظاہروں کے بعد ملک سے فرار ہوکر سعودی عرب میں پناہ لے لی ہے ۔ تاہم تیونس میں ان کے اہل خانہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ وزیراعظم محمد الغَنوشی نے عبوری صدر کے طور پر ملک کا نظام سنبھالتے ہوئے چھ ماہ میں انتخابات کرانے کا وعدہ کیا ہے ۔ امریکی صدر بارک اوباما نے تیونس کے عوام کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے ملک میں تشدد کے خاتمے اور امن کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے کہا کہ وعدے کے مطابق شفاف اور غیر جانب دارانہ انتخابات کرائے جائیں ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ مسائل پُرامن اور قانونی طریقے سے حل کریں جس کا مقصد عوامی مشکلات کا خاتمہ ہونا چاہئے ۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی شعبے کی سربراہ کیتھرین ایشٹن کا کہنا ہے کہ تیونس میں مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔یورپی یونین بحران کا پائیدار جمہوری حل تلاش کرنے میں تیونس کی مدد کیلئے تیار ہے ۔ برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہاگ نے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے تیونس میں امن و امان کی فوری بحالی، سیاسی آزادی اور شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ فرانس نے تیونس میں آئینی تبدیلی کا نوٹس لیا ہے اور وہاں تشدد کا خاتمہ ہونا چاہئے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.