تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

حق پرست پختونوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی،رابطہ کمیٹی

جنگ نیوز -
کراچی . . . . . متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن گلفراز خان نے کہا ہے کہ حق پرست سابق نائب ٹاوٴن ناظم سائٹ ٹاؤن سید بادشاہ خان کی المناک شہادت دہشت گردوں کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ میں شامل حق پرست پختونوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش ہے جو کسی صورت میں بھی کامیاب نہیں ہوگی۔ بادشاہ خان کی شہادت کراچی کا امن تباہ کرنے کی بھی سوچی سمجھی سازش ہے ایم کیو ایم کے کارکنان کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے پاکستان اور اس کے عوام کے کھلے دشمن ہیں ۔یہ بات انہوں نے ہفتے کی شام خورشید بیگم میموریل ہال عزیزآباد میں دیگر ارکان رابطہ کمیٹی جاوید کاظمی ، اشفاق منگی اور سید شاکر علی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ایم کیو ایم کے کارکنوں کے قاتلوں کے بے نقاب ہوچکے ہیں اب مقتدر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام ہے کہ وہ ان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں یہی ایک ایسا طریقہ ہے جس سے دہشتگردی کا سدباب کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ پختون ہونے اور ایم کیو ایم میں شامل رہنے کی وجہ سے ہمیں طعنوں کا نشانہ بناتے ہیں ہم واضح کرتے ہیں کہ جدوجہد اسی امر کا نام ہے ، میری طرح ہزاروں پختون ایم کیو ایم سے وابستہ ہیں اور الطاف حسین ان کے واحد رہنماء ہیں ۔ اشفاق منگی کا کہنا تھا کہ ہم مطالبہ کررہے ہیں کہ شہر کا امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ آج دوپہر تقریباً 12بجے 55،سالہ سید بادشاہ خان اپنی رہائش گاہ واقع فرید کالونی اورنگی ٹاوٴن سے گاڑی میں بیٹھ کرجارہے تھے کہ اچانک پیدل آنے والے تین مسلح دہشت گردوں نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا اسی طرح مسلح دہشت گردوں نے ولیکا اسپتال کے قریب فائرنگ کرکے اردو بولنے والے دوافراد60سالہ غلام محمدولدمحمداجمیری اوران کے صاحبزادے محمد عامر ولد غلام محمد کو شدید زخمی کردیاجن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سید بادشاہ خان ،ایم کیوایم کے پشتو اسپیکنگ کارکن تھے اور پختونوں سمیت دیگر قومیتوں سے تعلق رکھنے عوام میں الطاف حسین کا پیغام پھیلانے میں دن رات مصروف تھے۔ سید بادشاہ خان کی شہادت سے ہم اپنے ایک بہادر، نڈر، پرعزم، مخلص، جانثار اورثابت قدم ساتھی سے محروم ہوگئے ہیں، یہ ہمارے لئے ایک بڑے سانحہ کی حیثیت رکھتاہے جس پر ہم سب کے دل بہت دکھی ہیں۔ہم صدر ، وزیراعظم ، وفاقی وزیرداخلہ، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے پرزورمطالبہ کرتے ہیں کہ ایم کیوایم کے سینئرکارکن اور سابق ٹاوٴن نائب ناظم سید بادشاہ خان سمیت تمام بے گناہ شہریوں کے قاتلوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے ، شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کئے جائیں اور کراچی کا امن تباہ کرنے کی سازش کوناکام بنانے کیلئے مثبت اور عملی اقدامات کئے جائیں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.