5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بلوچستان:مختلف واقعات میں4افراد ہلاک،3لاشیں برآمد
جنگ نیوز -
کوئٹہ…بلوچستان میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف واقعات میں چار افراد ہلاک ہوگئے جبکہ صوبے کے مختلف علاقوں سے تین لاشیں بھی برآمد ہوئیں ۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے ائر پورٹ روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک سرکاری محکمے کے ڈپٹی ڈائریکٹرعبدالجبارجاں بحق ہوگئے کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بنیادی مراکز صحت کی ملازم فہمیدہ اور چوکیدارسعید احمد ہلاک ہوگئے۔ کوئٹہ کے سمنگلی روڈ پرایک گھر میں سوئی گیس کے اخراج سے کمسن بچی جاں بحق جبکہ سات افراد بے ہوش ہوگئے ۔سوراب کے علاقے حاجقہ میں ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا اس کی شناخت بی ایس او ازاد کے لاپتہ کارکن ذکریا بلوچ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ قلات سے بھی ایک شخص غلام حسین کی لاش برآمد ہوئی اسے بھی فائرنگ کرکے قتل کیا گیا یہ شخص پچھلے آٹھ ماہ سے لاپتہ تھا۔ لورالائی کے ٹیکسی ڈرائیور کو گلہ گھونٹ کر قتل کردیا گیا اس کی لاش قلعہ سیف اللہ کے علاقے نسائی سے برآمد ہوئی۔نصیر آباد کے علاقے اوچ میں نامعلوم افراد نے اوچ پاور پلانٹ پر راکت فائر کئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔