5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد موسم صاف اورمزید سرد ہوگیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقوں میں دوروز کی برف باری کے بعد موسم صاف اورمزید سرد ہوگیا۔ کئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہیں جس سے لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔اسکردو اور گردونواح میں آج دوسرے روز بھی موسم ابر آلود ہے ۔تاہم بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔استور میں دو روز کی برف باری کے بعد موسم سرد ہے ۔بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد کئی سڑکیں بند ہوگئی ہیں جبکہ گیس اور ایندھن کی قیمتیں بڑھ جانے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ غذر میں بھی آج موسم صاف ہے لیکن شدید سردی ،گیس اوربجلی کی عدم فراہمی سے شہری پریشان ہیں ۔سوات اور گردو نواح میں دو روز کی بارش اور برف باری کے بعد موسم صاف ہے ،تاہم سردی کی شدت بدستور برقرار ہے۔مری میں بھی دور وز کی برف باری کے بعد موسم صاف ہے ۔ ملکہ کوہسار میں سیاحوں کی بڑی تعداد سرد موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے موجود ہے جبکہ گزشتہ روز کی برف باری کے بعد نتھیا گلی سے مری تک جانیوالی سڑک اور متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ بلوچستان میں چمن ،پشین ،زیارت سمیت بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود ہے ۔بعض بالائی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا ہے ۔مظفر آباداور گردونواح میں بھی موسم صاف ہے ۔برف باری کے بعد سے بالائی وادی نیلم کو اٹھمقام سے ملانے والی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بندکردی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں بادل چھائے رہنے اور کہیں کہیں بارش کی توقع ہے۔ آج صبح سب سے کم درجہ حرارت پارا چنا ر میں منفی11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی7،اسلام آباد میں منفی ایک، لاہور3، پشاور، فیصل آباد ، ملتان میں ایک اور کراچی میں8 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔