5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
وکی لیکس کے مخبرسابق سوئس بینکرز نے مزید انکشافات کرنے کا اعلان کردیا
جنگ نیوز -
جنیوا…وکی لیکس کی مخبری کے الزام میں قانونی کارروائی کاسامنا کرنیو الے سابق سوئس بینکر نے بینک کے بارے میں مزید انکشافات کا اعلان کردیا۔نئی معلومات سی ڈی کی شکل میں وکی لیکس کے حوالے کی جائینگی۔سوئٹزرلینڈ کے بینک جولیس بائرکے سابق ملازم روڈولف ایلمرنے سترہ جنوری کولندن میں دو ہزار بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات وکی لیکس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیاہے۔سابق بینکراپنے اس اقدام کو معاشرے کی بہتری قرار دیتے ہیں۔ایلمر کوپہلے ہی بینک کی خفیہ معلومات ذرائع ابلاغ ، ٹیکس حکام اور وکی لیکس کو فراہم کرنے کے الزام میں قانونی کارروائی کا سامنا ہے۔ سوئس عدالت نے انہیں انیس جنوری کو طلب کیا ہے۔اورماریشس میں موجود ایلمرمقدمے کا سامنا کرنے سوئٹزرلینڈ جائیں گے۔جرم ثابت ہوگیا تو ایلمر کو تین سال تک قید اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق ایلمرنے وہ دستاویزات وکی لیکس کو فراہم کی تھیں جن میں امیر کھاتہ داروں کو ٹیکسوں کی ادائیگی سے بچنے میں مدد فراہم کی گئی تھی۔ایلمر کاکہنا ہے کہ نئی دستاویزات میں امریکی اور برطانوی کھاتہ داروں کے علاوہ کئی اداروں اور سیاست دانوں کے نام بھی سامنے آئیں گے۔دوسری جانب سوئس بینک جولیس بائر نے ایک بیان میں ایلمر کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مستردکردیا ہے۔