5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
راجن پور،ڈی جی خان:سرداروں نے اسکول اور ڈسپنسریاں گرادیں
جنگ نیوز -
راجن پور…راجن پور اور ڈی جی خان کے قبائلی علاقوں میں مقامی سرداروں نے کئی تعلیمی ادارے اور بنیادی مراکز صحت منہدم کردیئے۔راجن پور اور ڈی جی خان کے قبائلی علاقوں میں سرداروں کے مظالم میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔راجن پور کے قبائلی علاقہ ماڑی میں مقامی سردار نے اسکول اور بنیادی صحت کے مرکز کی عمارت کو منہدم کروا دیا جس سے قبائلیوں کے بچوں کیلئے تعلیم کے دروازے بند ہوگئے اور لوگوں سے صحت کی محدود سہولیات بھی چھین لی گئی ہیں۔ قبائلی علاقے کی فورس بارڈر ملٹری پولیس ماڑی کے انچارج جمعدار شاہد حسن نے بتایا ہے کہ مقامی سردار کی جانب سے اسکولوں اور اسپتالوں کی عمارت کو منہدم کرکے یہاں کے لوگوں کو تعلیم اور صحت کے بنیادی سہولیات سے محروم کردیا گیا ہے اور ان سرکاری عمارتوں کی اینٹیں اٹھاکر لے گئے اور اسے اپنے استعمال میں لایا جارہاہے ، حکام بالا کوتحریری اطلاع فراہم کردی جس پر مجھے لائن حاضر کرنے کے احکامات جاری ہوئے ہیں ۔