5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
شہبازشریف اورکھوسہ کی وزیراعظم سے الگ الگ ملاقاتیں
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف اور گورنرسردارلطیف کھوسہ نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کے مسئلے پر تمام صوبوں سے یکساں سلوک کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ڈیفنس میں واقع ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی،شہباز شریف کے مطالبے پر وزیراعظم نے گیس کی تقسیم کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی،شہباز شریف نے صنعتوں کو گیس لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قراردینے کی بھی بات کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معاملات میں بہتری کے لئے تمام سیاسی جماعتیں حکومت کے ساتھ تعاون کریں،بعد میں گورنرپنجاب لطیف کھوسہ سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مفاہمتی پالیسی پر عمل پیرا ہے اورمستقبل میں بھی یہ پالیسی جاری رکھی جائے گی،انہوں نے کہاکہ اقتصادی ایجنڈے پرعمل کرتے ہوئے ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے پسماندہ علاقوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں ملیں،دونوں رہ نماؤں کے درمیان صوبے میں مفاہمت کا عمل جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔