5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
شمالی و بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا، سردی کی شدت بدستور برقرار
جنگ نیوز -
کراچی…ملک کے شمالی و بالائی علاقوں میں دو روز سے جاری برفباری کا سلسلہ تھم جانے کے بعد موسم صاف ہو گیا ہے تاہم سردی کی شدت بدستور برقرار ہے۔وادی کاغان اور ناران میں گزشتہ رات ہونے والی برفباری کے بعد موسم انتہائی سرد ہے،موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔اسکردو،غذر اور استور سمیت گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں دو روز تک جاری رہنے والی برفباری کے بعد موسم اب صاف ہوگیا ہے تاہم سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔وادی سوات میں بھی دو روزہ بارشوں اور برف باری کے بعد موسم اب صاف ہوگیا ہے تاہم سردی کی شدت بدستور برقرار ہے۔چمن ،پشین اور زیارت سمیت شمالی بلوچستان کے اکثر علاقوں میں موسم ابر آلود ہے،بعض بالائی علاقوں میں آج بھی ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا ہے ۔مظفرآباد سمیت بالائی وادی نیلم اور جہلم میں بھی دو روز سے ہونے والی برفباری تھم گئی ہے اورموسم صاف ہونے کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے،شاہراہ نیلم پر برفانی تودے گرنے اور برف جم جانے کی وجہ سے اٹھمقام سے بالائی وادی نیلم، کیل اور شاردہ جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ہے۔