تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

بادشاہ خان کوشہید کرنے والے نظریہ حق پرستی سے خوفزدہ ہیں ، رابطہ کمیٹی

جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن اور سائٹ ٹاؤن کے سابق حق پرست نائب ٹاؤن ناظم سید بادشاہ خان شہید کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ قتل و غارتگری کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے سازشی عناصر مختلف قومیتوں میں ایم کیوایم کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ہرگز کم نہیں کرسکتے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ سید بادشاہ خان شہید ایم کیوایم کی حق پرستانہ جدوجہد میں مظلوم پختونوں سمیت تمام قومیتوں کے حقوق کے حصول کی جدوجہد کررہے تھے اور انہیں فائرنگ کرکے بیدردی سے شہید کرنے والا سازشی ٹولہ نہ صرف تمام مظلوم قومیتوں کے اتحاد بلکہ ملک کا کھلا دشمن ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ حالیہ دنوں میں امن دشمن عناصر نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے معصوم و بے گناہ لوگوں کودہشت گردی کا نشانہ بنا یا جس میں مقامی چینل کے صحافی ولی خان بابر بھی شامل ہیں تاکہ شہر میں لسانی فسادات کو ہوا دی جاسکے اور ایک مربتہ پھر شہر کا امن خراب کیا جاسکے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سید بادشاہ خان شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ان کی لازوال قربانی سے پختون عوام سمیت مختلف قومیتوں میں حق پرستی کی جدوجہد ، مشن ، مقصد اور نظریہ فروغ پائے گا اور وہ سازشی عناصر ایک مرتبہ پھر ناکام ہوجائینگے جو ایم کیوایم میں مختلف قومیتوں کے افراد کی شمولیت سے خوفزدہ ہیں اورایم کیوایم کو ان قومیتوں کے خلاف قرار دیتے رہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے سید بادشاہ خان شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہیدکو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، وزیر داخلہ رحمان ملک اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ سید بادشاہ خان شہید کے سفاکانہ قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے۔ دریں اثناء رابطہ کمیٹی نے مشہور آرٹسٹ اے آر ناگوری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے مرحوم کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ۔ رابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ (آمین) ۔علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی نے برنس روڈ سیکٹر یونٹ 122رتن تلاؤ کے کارکن ظہیر راؤ کی والدہ محترمہ زینت آپا ، لانڈھی سیکٹر یونٹ 93-B کے کارکن ذیشان کے والد محمد الیاس ، ملیر سیکٹر یونٹ 95کے کارکن سید سلطان احمد کے والد عزیز حیدر ، نارتھ ناظم آباد سیکٹر یونٹ 143-Bکی یونٹ کمیٹی کے رکن سرور خان کی والدہ محترمہ مدینہ بیگم اوراورنگی ٹاؤن سیکٹر یونٹ 118-Bکے کارکن ندیم صابر کے والد محمد تمیز الدین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے،اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.