5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ویلنگٹن ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم376رنز بنا کرآوٴٹ
جنگ نیوز -
ویلنگٹن…ویلنگٹن میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان کی ٹیم 376 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ کپتان مصباح الحق 99 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ بیسن ریزو ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے دن پاکستان نے 134 رنز دو کھلاڑی آوٹ سے اپنی اننگز آگے بڑھائی۔ اظہر علی 67 رنز بناکر پہلے کھلاڑی آوٹ ہوئے۔ ان کے آوٹ ہونے کے بعد کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب ہوئے ۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 142 رنز جوڑے۔ یونس خان 73 رنز بناکر امپائر کے ایک غلط فیصلے کا شکار ہوئے۔ ایک اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری تھا تو دوسری جانب کپتان مصباح الحق شاندار بیٹنگ کرتے رہے، بدقسمتی سے وہ 1 رن کی کمی سے سنچری نہ بناسکے، مصباح الحق کو کرس مارٹن نے 99 کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 376 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ ڈینئیل ویٹوری اور کرس مارٹن نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان کو پہلی اننگ میں 20رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔