5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بدین : قدیم ساز کو زندہ رکھنے والا فنکار بیٹی کی بیماری کے سامنے بے بس
جنگ نیوز -
بدین …بدین میں ایک ایسا فنکار بھی ہے جو قدیم موسیقی کے ایک فن کو آج بھی زندہ رکھے ہوئے ہے لیکن اپنی بیمار بیٹی کے علاج کے آگے بے بس ہے۔ بدین میں بوریدو کا یہ فنکار جب مٹی سے بنے اس قدیم ساز کو بجاتا تھا تو فضاؤں میں ترنگ بج اٹھتے تھے، مگر آج ان سروں میں رنج و الم کی صدائیں سنائی دیتی ہیں۔ذوالفقارلوند کی11سالہ بیٹی ہڈیوں کے موذی اورپراسرارمرض میں مبتلا ہوکر معذور ہوگئی ہے۔ ماروی کی آواز میں پائی جانے والی شوخی اب حسرت کی پکار بن چکی ہے۔ذوالفقارلوند کے والد استادمیر محمد لوندصدارتی ایورڈ یافتہ فنکار ہونے کے ساتھ ملک گیر شہرت رکھتے تھے ۔ذوالفقارکاآشیانہ میڈل اور ٹرافیوں سے تو جگمگاتا دکھائی دیتا ہے لیکن غربت اور تنگ دستی کے باعث اس گھر کی رونق ماروی کی زندگی کا چراغ ٹمٹما رہا ہے۔ مالی تنگ دستی ماروی کے علاج میں بڑی رکاوٹ بن گئی ہے۔ یہ فنکار اپنی بچی کا بوجھ کاندھے پراٹھائے سرکاری اسپتالوں میں دھکے کھانے پر مجبور ہے۔پسماندہ ضلع بدین میں کوئی بھی اس بیماری کو سمجھنے سے قاصر ہے۔