5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بلوچستان ہائی کورٹ: اسلحہ برآمد کیس میں شاہ زین کی ضمانت منظور
جنگ نیوز -
کوئٹہ …بلوچستان ہائی کورٹ نے جمہوری وطن پارٹی کے صوبائی صدر شاہزین بگٹی سمیت26ساتھیوں کی اسلحہ برآمدگی کیس میں ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکے پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی اسلحہ برآمدگی کیس میں ضمانت کی درخواست کی سماعت تین روز قبل مکمل ہوگئی تھی آج بلوچستان ہائی کورٹ کے وکیشن جسٹس محمد نورمسکانزئی نے فیصلہ سناتے ہوئے جمہوری وطن پارٹی کے صوبائی صدر شاہزین بگٹی اوران کے26ساتھیوں کی اسلحہ برآمدگی کیس میں ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔شاہ زین اور ان کے ساتھیوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے ہوں گے۔فیصلے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نوابزادہ شاہ زین بگٹی کے وکیل ڈبلیو این کوہلی نے بتایا کہ فیصلے کی کاپی ملنے کے بعد ضمانت کے مچلکے تیار کئے جائیں گے جس کے بعد توقع ہے نوابزادہ شاہزین کل تک رہا ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ انہیں عدالت عالیہ کے فیصلے پر خوشی ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی رہا ہونے کے بعد ڈیرہ بگٹی لانگ مارچ کاحتمی فیصلہ کریں گے۔جمہوری وطن پارٹی کے صوبائی صدر نوابزادہ شاہ زین اوران کے26ساتھیوں کو22دسمبر کو چمن سے کوئٹہ آتے ہوئے بلیلی چیک پوست پر اسلحہ برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔