5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ملک کو اسلحے سے پاک کرنے کیلئے متحدہ نے قومی اسمبلی میں بل جمع کرادیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…متحدہ قومی موومنٹ نے ملک کو اسلحہ سے پاک معاشرہ بنانے کیلئے قانون سازی کا بل ، قومی اسمبلی میں جمع کرادیا ہے، بل کے مسودہ کے تحت قانون شکنی کرنیوالے کو کم از کم سات سال قید اور ایک کروڑ روپے تک جرمانہ کیا جاسکے گا۔ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے اسلام آباد کے پریس کلب میں میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائے گئے ، عدم اسلحہ کے بل مجریہ2011میں پہلے مرحلے میں ملک میں ہرقسم کے ناجائز اسلحہ کی تیاری، کاروباری اور استعمال کو سختی سے روکنے کی تجویز دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال اور لاقانونیت پر کنٹرول کیلئے اسلحہ پر کنٹرول ناگزیر ہے اور اس مقصد کی خاطر قانونی بل میں سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں، یہ بھی تجویز کیا گیا ہے بعد میں ملک کو ہرقسم کے اسلحہ سے پاک معاشرہ بھی بنایا جائے۔