5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریکوڈک کیس: ٹی سی سی کو اخباری اشتہارات پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے بلوچستان کے علاقہ ریکوڈک میں قدرتی ذخائر کے مقدمہ میں منصوبہ چلانے والی کمپنی ٹی سی سی کو اخباری اشتہارات کی مہم چلانے پر اظہاروجوہ کا نوٹس جاری کردیا ہے ۔چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہاہے کہ اتنا اہم کیس زیر سماعت ہے ، جس پر دنیا کی نظریں لگی ہیں اور حکومتی ادارے اس میں دلچسپی نہیں لے رہے۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے مقدمہ کی سماعت کی، عدالت نے اس کیس میں وفاق اور بلوچستان کی حکومتوں اور ان کے متعلقہ محکموں کی طرف سے جواب داخل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔مقدمہ کی ایک درخواست وطن پارٹی نے ٹی سی سی کمپنی کی جانب سے اخباری اشتہار شائع کرانے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پیش کی اور کہا کہ اس اشتہاری مہم کا مقصد عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونا ہے ، عدالت نے اس پر کمپنی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انیس جنوری تک جواب طلب کرلیا جبکہ مقدمہ کی سماعت پچیس جنوری تک ملتوی کردی گئی، اگلی سماعت پر ٹی سی سی ، عدالت کو منصوبہ پر پریزنٹیشن بھی دیگی۔