5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
شمالی بلوچستان کے دس اضلاع میں روزانہ بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ
جنگ نیوز -
چمن … ایک ہفتہ قبل نصیرآباد کے علاقے چھتر میں تخریب کاری سے متاثرہ ایک ٹاور کی تاحال مرمت نہ ہو نے کی وجہ سے شمالی بلوچستان کے دس اضلاع میں روزانہ بیس گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ جاری چمن مسلسل تین روز سے تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔کیسکو بلوچستان کے ذرائع کے مطابق ایک ہفتہ قبل نصیرآباد کے علاقے چھتر میں تخریب کاری سے متاثرہ ایک ٹاور کی تاحال مرمت نہیں ہو سکی ہے جس کے باعث شمالی بلوچستان کے دس اضلاع میں روزانہ بیس گھنٹوں کی طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ادھر چمن سمیت ضلع بھر میں مسلسل آج تیسرے روز بھی بجلی کی سپلائی معطل ہے جس کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ دوسری جانب نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے چھتر کے علاقے میں متاثرہ ٹاور کی مرمت کیلئے عملے کو تاحال سکیورٹی فراہم نہیں کی ہے اور مسلح شرپسند اب بھی علاقے میں موجود ہے۔