تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر 3سائیکلسٹس اور2 باڈی بلڈرز پرپابندی

جنگ نیوز -
لاہور… اینٹی ڈوپنگ آرگنائزیشن کی تین رکنی کمیٹی نے تین سائیکلسٹس اور دو باڈی بلڈرز پر ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے دو،دو برس کی پابندی عائد کر دی ہے ۔ نیشنل کوچنگ سینٹر لاہور میں کمیٹی کا اجلاس ڈی جی پی ایس بی امیر حمزہ گیلانی کی سربراہی میں ہوا جس میں کمیٹی کے اراکین ادریس حیدر خواجہ اورشیخ فاروق اقبال کے علاوہ آرگنائزیشن کے نمائندے ڈاکٹر وقار شریک ہو ئے جنہوں نے باڈی بلڈرز عمران قریشی ،جواد علی اور سائیکلسٹ نیشنل چمپئن نورعالم ، دل شیر علی اور زاہد گلفام کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر موقف سنے ۔ امیر حمزہ گیلانی نے سماعت کے بعد میڈیا کو بتایا کہ کھلاڑیوں نے ڈوپ ٹیسٹ کے نتائج کو تسلیم کیا ہے ،ان پر واڈاقوانین کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے ۔باڈی بلڈرز کے ڈوپ ٹیسٹ گزشتہ برس ایشین بیچ گیمز سے پہلے جبکہ سائیکلسٹس کے ٹیسٹ نیشنل چمپئن شپ کے دوران کرائے گئے ۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ممنوعہ ادویات کے بارے میں لاعلمی ہونے کی وجہ سے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آئے ۔ڈی جی پی ایس بی کا کہنا ہے کہ ڈوپ ٹیسٹ کرانے سے پاکستان میں کھیلوں کو فائدہ ہو گا۔ قوت بخش ادویات کے استعمال سے جو کھلاڑی عرصہ دراز سے چمپئن بنے بیٹھے ہیں ان کی جگہ اب نیا ٹیلنٹ سامنے آئیگا ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ محکموں کو ایک چمپئن شپ جیتنے پرپروموشن نہیں دینی چاہئے اس سے بھی ممنوعہ ادویات کا استعمال کرکے کامیابی حاصل کرنے کے رحجان کی حوصلہ شکنی ہو گی ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.