5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سائیں جی ایم سید سچے اور محب وطن سیاستداں تھے، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے سندھ کے بزرگ سیاسی رہنماء سائیں جی ایم سید کی 107 ویں سالگرہ کے موقع پر سندھ بھر کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ سائیں جی ایم سید ایک سچے اور محب وطن بزرگ سیاستداں تھے جو پوری زندگی سندھ دھرتی اور اس کے عوام کے حقوق کیلئے پرامن جدوجہد کرتے رہے اور آخری سانس تک اپنی جدوجہد میں ثابت قدم رہے ۔جبروتشدد، ظلم وستم اور قیدوبند کی صعوبتیں انہیں حق پرستی کی جدوجہد سے باز نہیں رکھ سکیں۔ الطاف حسین نے سائیں جی ایم سید کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سندھ بھرکے عوام کو سائیں جی ایم سید کی سالگرہ کی دلی مبارکباد پیش کی ۔دریں اثناء قائد تحریک الطاف حسین نے کوہاٹ میں ہنگو روڈ پر مسافر بس میں ہونے والے بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں متعدد افراد کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ مسافر بس کو بم دھماکے ذریعے نشانہ بناکر معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے سفاک دہشت گرد ملک و قوم کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں نے مسافر بس کو نشانہ بنا کر ثابت کردیا ہے کہ وہ درندہ صفت ہیں اور ان کا کوئی دین و ایمان نہیں ہیں وہ دہشت گردی اور قتل و غارتگری کرکے اپنی بربریت کے کھلے مظاہرے کررہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے مسافر بس میں بم دھماکے سے شہید ہونے والے تمام افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ الطا ف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ،و زیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے مطالبہ کیاکہ ہنگو روڈ پر مسافر بس میں بم دھماکے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے مزید ٹھوس اور سخت نوعیت کے اقدامات کئے جائیں اور بم دھماکے میں ملوث سفاک دہشت گردوں کوفی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔