5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ٹیکنو پاور نے 1ارب 8کروڑ روپے کی واپسی کا عمل شروع کردیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…قومی خزانے سے ایڈوانس رقم لیکربھی منصوبہ شروع نہ کرنیوالے ایک رینٹل منصوبہ ٹیکنوپاورنے رقم کو مارک اپ سمیت واپس جمع کرانے کا عمل شروع کردیا ہے، سپریم کورٹ کو بتایا گیا ہے کہ9 رینٹل منصوبوں کو اٹھارہ ارب روپے بطور ایڈوانس دیئے گئے تھے۔چیف جسٹس افتخار محمدچودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے رینٹل پاور منصوبوں کے مقدمہ کی سماعت کی۔ عدالت کوبتایا گیا کہ ٹیکنو رینٹل کے ذمہ ایڈوانس کی رقم مارک اپ سمیت ایک ارب 8کروڑ روپے بنتی ہے ۔ عدالت نے رقم کا پے آرڈر آج ہی پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ9 رینٹلز کو 18 ارب کی ادائیگی ہوئی،4 سے4 ارب روپے واپس مل رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ باقی5 رینٹل کو14 ارب روپے دیئے گئے ۔ عدالتی مہلت کے بعد سماعت شروع ہوئی تو ٹیکنو کے وکیل نے بتایا کہ رقم کی قومی خزانے میں واپسی کل تک مکمل ہوجائیگی ، اس پر عدالت نے مہلت دیتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔