5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بینظیر قتل کیس، سعود عزیز نے موبائل فون تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کردیا
جنگ نیوز -
راولپنڈی…بے نظیر قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جس میں سابق سی پی او راولپنڈی سعود عزیز نے ذاتی موبائل فون تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کردیا ہے جبکہ راولپنڈی پولیس کے سابق ایس ایس پی آپریشنز یاسین فاروق وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔ذرائع نے جیو نیوز کے نمائندے آصف علی بھٹی کو بتایا ہے کہ سعود عزیز کے موبائل فون سے اہم معلومات ملنے کا امکان ہے جن کے ذریعے کیس کے پس پردہ عناصر تک پہنچنے میں مدد مل سکتی ہے ۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بے نظیر بھٹو کے بلیک بیری موبائل فون ،پرس ،دوپٹے اور دیگر اشیاکی برآمدگی کے لیے بھی پرُامید ہے ۔ بے نظیر قتل کیس کی گذشتہ سماعت پر ایف آئی اے نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ سعود عزیز سے ان اشیا کی برآمدگی کے لیے ان کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے جس پر سعود عزیز کا8 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق بینظیر بھٹو کی سیکیورٹی کے ذمہ دار سابق ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی یاسین فاروق شامل تفتیش ہونے کے بجائے164 اور161 کا بیان دے کر وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔ انہوں نے ٹیم کے روبرو اپنے بیان میں کہا ہے کہ وقوعہ کے روز سعود عزیز نے مشاورت کے بغیر بے نظیر بھٹو کی سیکیورٹی پر ماموراے ایس پی اشفاق انور کو ائیرپورٹ کے علاقے کرال بھجوا دیا تھا۔