5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک رسائی دی جائے،مصطفی کمال
جنگ نیوز -
لندن. . . . .. .متحدہ قومی موومنٹ کے رہ نما اور سابق سٹی ناظم کراچی سید مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ عالمی طاقتیں پاکستا ن کی معاشی خوشحالی کے لیے پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کریں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی میں پاکستان سوسائٹی کے زیراہتمام منعقدہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے۔سید مصطفی کمال نے کہاکہ ڈرون حملوں سے جانی نقصان کرنے والوں کو دہشت گردی کے خلاف اپنی پالیسی کو بدلنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی ہر پاکستانی کا شہر ہے اور اس میں امن وامان کو یقینی بنانا بھی وہاں بسنے والے ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم امن پسند متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے جس کے پرتشدد ہونے کا پراپیگنڈہ محض وہ جاگیردار اورسرمایہ دار کر رہے ہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ نشست کا مقصد مصطفی کمال کی بحثیت مئیر کراچی کی ترقی و خوشحالی کے اقدامات اور اس مقصد کے حصول کے لیے پیش آنے والی مشکلات سے آگاہی حاصل کرنا تھا ۔ سید مصطفی کمال نے بتایا کہ انھوں نے کرپٹ نظام کا مقابلہ کرتے ہوئے کراچی میں جو کچھ کیا اس کا کریڈٹ الطاف حسین کی قیادت کو جاتا ہے جنھوں نے اس اعلی عہدے کے لیے ایک متوسط طبقے کے کارکن کو چنا۔