5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کشمیر کونسل ای یو کا سال 2011 کے پروگرام کا اعلان
جنگ نیوز -
پیرس…رضا چوہدری …کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں یورپ کی متحرک ترین تنظیم کشمیر کونسل ای یو کی کور کونسل کے اجلاس میں کونسل کے چیئرمین علی رضاسید نے سال 2011 کے پروگرام کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ ون ملین سگنیچر کیمپین کو اِس سال حتمی شکل دے دی جائے گی اور اس سال 9 یورپی ممالک میں اِس مہم کو جاری کیا جائے گا۔ کشمیر کونسل کا نیا پروگرام KAP کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ یورپ بھر کی یونیورسٹیوں اور یورپ کے مختلف مکاتبِ فِکر کے افراد اور تنظیموں سے رابطے کیئے جائیں گے اور ان کے ساتھ مِل کر سیمینار منعقد کئے جائیں گے، جِن میں کشمیر کا ماضی اور حال کو سامنے رکھتے ہوئے کشمیر کے آزاد مستقبل کے لئے اُن کو متحرک کیا جائے گا ۔اِسی طرح یونیورسٹیز میں پولیٹیکل سائنس اور سوشل سائنس کے ڈیپارٹمینٹس میں بھی ایسے ہی سیمینار منعقد کئے جائیں گے تاکہ یورپ میں رہنے والے عمومی افراد اور نوجوانوں کو بھی کشمیر کے مسئلے کی حساسیت سے آگاہی دی جا سکے ۔ علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ کشمیر کے حوالے سے اہم تواریخ پر مظاہرے کئے جائیں گے جِن میں اہم سیاسی اور مختلف کمیونیٹیز کے لوگوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ یورپ میں موجود تمام این جی اوز سے رابطے کئے جائیں گے اور ان کو کشمیر کے حوالے سے تمام معلومات فراہم کی جائیں گی۔ یورپی پارلیمنٹ اور مختلف یورپی ممالک کی پارلیمنٹ میں بھی پروگرام رکھے جائیں گے تاکہ یورپ کی سیاسی قوتوں کو بھی مسئلہ کشمیر سے آگاہی دی جا سکے۔