5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے سوات میں دارالقضا کا افتتاح کردیا
جنگ نیوز -
سوات…وزیراعلیٰ خیبر پختونخواامیرحیدرخان ہوتی نے سوات میں دارالقضا کا افتتاح کردیاہے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا امیرحیدرخان ہوتی سوات پہنچے تو سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے ۔امیرحیدرخان ہوتی نے فضا گھٹ میں دارالقضا کا افتتاح کیا اس موقع پر وہ کورٹ رومز بھی گئے ۔امیرحیدرخان ہوتی کو دارالقضا سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی ۔اس سے پہلے امیرحیدرخان ہوتی نے سیلاب میں تباہ ہوجانے والے ایوب برج کی تعمیر نو کے کام کا سنگ بنیادبھی رکھا۔ دارالقضا کے جج کے اختیارات ہائی کورٹ کے جج کے برابر ہوں گے۔ دارالقضا کا مطالبہ آج سے تقریباً سولہ سال قبل سوات کے عوام نے کیا تھا ۔کالعدم تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولانا صوفی محمد نے اسلامی قوانین کے نام پر اپنی تحریک شروع کی تو بعد میں یہ تحریک پرتشددتحریک کی شکل اختیار کرگئی۔2005 میں تحریک کے سربراہ مولانا فضل اللہ نے بھی ضلع میں شرعی عدالتوں اور دارالقضا کا مطالبہ کردیا۔2008 کے اوائل میں عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی حکومت اورکالعدم تحریک طالبا ن سوات کے درمیان امن معاہدہ ہوا تو اس میں ضلع بھر میں قاضی عدالتوں کے قیام اور دارالقضا کا مطالبہ شامل تھا۔سوات میں مقامی لوگوں کے مطالبے کے بعد صوبائی حکومت نے چھ ماہ قبل دارالقضا کے قیام کا فیصلہ کر لیاگیا تھا۔دارالقضا کیلئے سوات میں عمارت حاصل کرلی گئی ہے اور ابتدائی طورپر اس دارالقضا میں پشاور ہائی کورٹ کے دوجسٹس کام شروع کریں گے۔ دارالقضا کے جج کے اختیارات ہائی کورٹ کے جج کے برابر ہوں گے۔ دارالقضا میں مالاکنڈ ڈویژن کے تما م اضلاع میں قائم ضلعی قاضی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔جبکہ رٹ پٹیشن بھی دائر کی جاسکے گی۔