5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
خانیوال میں تیسری بچی کی پیدائش پربیوی پر شوہر کا تشدد
جنگ نیوز -
خانیوال...خانیوال میں تیسری بیٹی کی پیدائش سے قبل شوہر نے بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا ،بیوی تھانے پہنچی اور واپسی میں کار میں ہی تیسری بچی کی پیدائش ہوگئی۔ ثمینہ مائی کے مطابق اس کی شادی5 سال قبل محمد علی سے ہوئی تھی اور اس کے ہاں2 بیٹیوں کی پیدائش ہوئی ۔ تیسری بار حاملہ ہونے پر جب طبی معائنہ کروایا گیا تو ڈاکٹر نے تیسری بار بھی بیٹی کی پیدائش کا بتایا ،جس پر شوہر اور سسرال والوں نے اسے کمرے میں باندھ دیا۔ثمینہ کا کہنا ہے کہ اس کے شوہر محمد علی نے زبردستی اسے ایسی ادویات کھلائیں جس سے حمل ضائع ہوجائے ۔ثمینہ کے گھر والوں کو پتہ چلنے پر اس کے ماموں نے آ کر اسے آزاد کرایا۔ خاتون اور اس کے ماموں نے شوہر سمیت سسرال کے خلاف پولیس تھانہ کچا کھوہ میں کارروائی کی کوشش کی جس پرپولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا تھانہ سے واپسی پر خاتون کے ہاں کار ہی میں بچی کی ولادت ہوگئی ۔