5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کراچی میں قیام امن میں پی پی کے چند وزراء حائل ہیں،اے این پی سندھ
جنگ نیوز -
کراچی....عوامی نیشنل پارٹی(سندھ) کے ترجمان نے باچا خان مرکز کراچی سے جاری بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کے قیام میں پیپلز پارٹی کے چند وزراء حائل ہیں۔ حکمران جماعت کے کچھ وزراء کراچی میں بدامنی کا خاتمہ نہیں چاہتے۔ترجمان نے وزیر مملکت برائے پورٹس اینڈ شپنگ سردار نبیل گبول کی جانب سے اے این پی کو سوتن کی طرح لڑنے کی تشبیہ دینے جانے کے غیر اخلاقی بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کچھ وزراء کا سارا زور معیوب بیانات اور بڑکیں مارنے میں صرف ہوجاتا ہے ۔عوامی نیشنل پارٹی اس بات پر غور کر رہی ہے کہ تیسری قوت سے مراد یہی وزراء تو نہیں ہیں جو قیام امن کیلئے سنجیدہ کارروائی کرنے کے بجائے کراچی میں ایسا ماحول پیدا کر رہے ہیں جس میں کراچی میں رہنے والی قومیتوں میں اتفاق پیدا نہ ہوسکے۔انھوں نے کراچی سے وابستہ پیپلز پارٹی کے وزراء کو قیام امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعتوں کو دلہنیں،سوتنیں اور خود کو سورما ثابت کرنے کے بجائے کراچی اور لیاری کو لاوارث ہونے کے احساس کا خاتمہ کرائیں۔ عوامی نیشنل پارٹی امید کرتی ہے کہ وفاقی وزیر اپنی وزارت کے اختیارات کا رونا چھوڑ کر قادر پٹیل اور ڈاکٹرذوالفقار مرزا کے آنسو خشک کرنے میں مددکریں گے۔