5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
تیسری بیٹی کی پیدائش سے قبل بیوی پر تشدد کرنیوالا شوہر گرفتار
جنگ نیوز -
خانیوال …خانیوال میں تیسری بیٹی کی پیدائش سے قبل شوہر نے بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا ،بیوی تھانے پہنچی اور واپسی میں کار میں ہی تیسری بچی کی پیدائش ہوگئی۔ پولیس نے بیوی پر تشدد کرنے والے شوہر کو گرفتار کرلیا ہے۔ ثمینہ مائی کے مطابق اس کی شادی 5 سال قبل محمد علی سے ہوئی تھی۔ اور اس کے ہاں 2 بیٹیوں کی پیدائش ہوئی ۔ تیسری بار حاملہ ہونے پر جب طبی معائنہ کروایا گیا تو ڈاکٹر نے تیسری بار بھی بیٹی کی پیدائش کا بتایا ۔جس پر شوہر اور سسرال والوں نے اسے کمرے میں باندھ دیا ۔ثمینہ کا کہنا ہے کہ اس کے شوہر محمد علی نے زبردستی اسے ایسی ادویات کھلائیں جس سے حمل ضائع ہوجائے ۔ثمینہ کے گھر والوں کو پتہ چلنے پر اس کے ماموں نے آ کر اسے آزاد کرایا ۔ خاتون اور اس کے ماموں نے شوہر سمیت سسرال کے خلاف پولیس تھانہ کچا کھوہ میں کارروائی کی کوشش کی جس پرپولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا تھانہ سے واپسی پر خاتون کے ہاں کار ہی میں بچی کی ولادت ہوگئی ۔میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد پولیس نے کچا کہو کے علاقے سے بیوی پر تشدد کرنے والے شوہر محمد علی کو گرفتار کرلیا۔