5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سندھ اسمبلی: ولی بابر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری ، صحافیوں کا علامتی واک آؤٹ
جنگ نیوز -
کراچی …سندھ اسمبلی کے اجلاس میں صحافیوں نے ولی خان بابر شہید کے قتل کی تحقیقات میں سست روی پرعلامتی واک آؤٹ کیا۔اجلاس نثار کھوڑو کی صدارت میں شروع ہوا۔پریس گیلری سے اسمبلی کوریج کرنے والے صحافیوں نے ولی خان بابر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری اور تحقیقات میں سست روی کیخلاف علامتی واک آؤٹ کیا۔صوبائی وزیر شازیہ مری اور رکن اسمبلی شرجیل میمن نے صحافیوں سے پریس روم میں ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ ولی خان بابر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی ۔ایوان میں شازیہ مری ، اسپیکرنثارکھوڑو، وزیر قانون ایاز سومرو اور متحدہ کے رکن خواجہ اظہار الحسن نے ولی خان بابر کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے اقدامات پر زور دیا۔ایوان میں لیڈی ہیلتھ ورکرز سے متعلق نصرت سحر عباسی کی تحریک التو پیر تک موخر کردی گئی ۔ان کا کہنا تھا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تنخواہیں نہیں دی جارہی ہیں ،مستقل کرنے کے اقدامات بھی التوا کا شکار ہیں۔رکن اسمبلی مسلم لیگ ق رزاق راحمو نے بتایا کہ ڈبل سواری پر امتحان کیلئے جانے والے طلبہ کو گرفتار کیا گیا ہے جن کا گزشتہ روز کاپرچہ چھوٹ گیا اوروہ آج بھی امتحان نہ دے سکے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ثقافت سسی پلیجو اور دیگر کی صوفی شاعر شاہ لطیف بھٹائی کی267ویں عرس کے موقع پر خراج عقیدت کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ۔بعد میں اسپیکر نے اجلاس جمعرات کی صبح تک ملتوی کردیا۔