5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
شاہ عبد اللطیف کاپیغام،محبت اوراحترام انسانیت ہے ،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن....متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سندھ دھرتی کے صوفی بزرگ شاعر حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی کاپیغام امن ،محبت اوراحترام انسانیت ہے اوراسی پیغام کی بدولت سندھ ہمیشہ امن کی دھرتی رہی ہے ۔ حضرت شاہ عبد للطیف بھٹائی 267ویں سالانہ عرس کے موقع پر اپنے پیغام میں الطاف حسین نے کہاکہ شاہ عبد اللطیف بھٹائی کی شاعر ی اور تعلیمات میں دیا گیاپیغام امن و محبت صرف سندھ دھرتی اور پاکستان کے عوام کیلئے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے انسان دوست اور امن پسندلوگوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ صدیوں پہلے سندھ کی دھرتی پر آکر شاہ عبد اللطیف بھٹائی نے لوگوں کو اسلام کی تعلیمات سے روشناس کرایا اور لوگوں کو ایک دوسرے سے نفرت کے بجائے ایک دوسرے سے محبت ، پیار اور احترام انسانیت سمیت امن و بھائی چارے کا درس دیا۔ان کے نزدیک زبان ، رنگ ، نسل ، عقید اور مذہب کی کوئی تفریق نہیں تھی اور ان کے عقیدت مندوں میں تمام قومیتوں ، تمام مسالک اور تمام مذاہب کے ماننے والے شامل ہیں ۔ الطاف حسین کہاکہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے پیغام امن و محبت کو فروغ دیاجائے ، اسے عملی طور پر اپنایاجائے ، ذات پات ، رنگ ،نسل ،زبان ، نسل ، قومیت ، مسلک ، عقیدہ اور مذاہب کی تفریق ختم کرکے احترام انسانیت کی بات کی جائے ، خواتین کے حقوق کا مکمل احترام کیاجائے اور انتہاء پسندی سے نجات کیلئے حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی کی تعلیمات پر عمل کیاجائے ۔دریں اثناء قائد تحریک الطاف حسین نے حیدرآبادکے صحافی فرحان آفندی کی چھوٹی بہن محترمہ ثمرآفندی کے انتقال پر افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے مرحومہ کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے ۔ (آمین)دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اورمرکزی شعبہ اطلاعات نے محترمہ ثمر آفندی مرحومہ کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ۔