5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ویلنگٹن ٹیسٹ ڈرا، پاکستان نے کیویز کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیت لی
جنگ نیوز -
ویلنگٹن…پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ویلنگٹن ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا، اس طرح پاکستان نے دو میچوں کی سیریز ایک۔صفرسے جیت لی۔یونس خان نے 81 اور کپتان مصباح الحق نے 70 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔پاکستان نے 5 سال بعد کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے۔پاکستان نے آخری مرتبہ2006 میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔ پاکستان کو ٹیسٹ میچ میں جیت کے لئے نیوزی لینڈ نے 274 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستا نی بیٹنگ کا آغاز زیادہ اچھا نہ تھا اور دن کے دوسرے ہی اوور میں پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ توفیق عمر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ٹم ساؤتھی نے انہیں آؤٹ کیا۔توقیق عمر کے آؤٹ ہونے کے بعد اظہر علی بھی زیادہ دیر کریز پرنہ ٹھہر سکے اور10 کے انفرادی اسکور پر کرس مارٹن کا شکار بنے ۔ پہلی اننگز میں امپائر کے غلط فیصلے کا شکار ہونے والے محمد حفیظ نے کچھ مزاہمت کی لیکن وہ بھی32 رنز بنا کر مارٹن کا شکار بنے۔ ایک موقع پر صرف42 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی تین وکٹیں گرچکی تھیں، لیکن کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ میں شراکت میں 118 رنز بناکرٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ یونس خان نے اچھی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے میچ میں دوسری نصف سنچری مکمل کی۔ وہ81 رنز بنا کر چائے کے وقفے سے پہلے آخری گیند پر ساؤتھی کا شکار بنے۔ کپتان مصباح الحق 70 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔مارٹن اور ساؤتھی نے دو دو جبکہ ویٹوری نے ایک وکٹ حاصل کی۔