5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
حکومت کی ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ اساتذہ کو مستقل کرنے کی یقین دہانی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…حکومت نے وفاقی نظامت تعلیمات کے تعلیمی اداروں میں ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ بنیاد پر ملازمت کرنے والے اساتذہ کو مستقل کرنے کیلئے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرادی ہے ۔ چیف جسٹس افتخار چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے اساتذہ کے تقرر کیس کی سماعت کی ، اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی نظامت کے تعلیمی اداروں میں ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ والے اساتذہ کو مستقل کیا جائے گا، تین سال سے زائد سروس والے تمام کنٹریکٹ اساتذہ مستقل ہوں گے، گریڈ سولہ تک کے ملازمین کو نظامت تعلیمات کی کمیٹی مستقل کرے گی جبکہ گریڈ سترہ اور اس سے اوپر کے تمام اساتذہ کے کیسز کو فیڈرل پبلک سروس کمیشن بھیجا جائے گا، نظامت تعلیمات کے اداروں میں ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمت والے اساتذہ کی تعداد چھ سو کے لگ بھگ ہے ، سپریم کورٹ نے مقدمہ کو نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ اساتذہ کو مستقل کرنے کا عمل مکمل ہونے تک کسی کو برطرف نہ کیا جائے۔