5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
شاہ عبد اللطیف بھٹائی کاپیغام محبت اوراحترام انسانیت ہے،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ صوفی بزرگ شاعر حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی کاپیغام امن ،محبت اوراحترام انسانیت ہے۔لندن انٹرنیشنل سیکریٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ سندھ دھرتی کے صوفی بزرگ شاعر حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی کاپیغام امن ،محبت اوراحترام انسانیت ہے اوراسی پیغام کی بدولت سندھ ہمیشہ امن کی دھرتی رہی ہے ۔ حضرت شاہ عبد للطیف بھٹائی 267ویں سالانہ عرس کے موقع پر اپنے پیغام میں الطاف حسین نے کہاکہ شاہ عبد اللطیف بھٹائی کی شاعری اور تعلیمات میں دیا گیاپیغام امن و محبت صرف سندھ دھرتی اور پاکستان کے عوام کیلئے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے انسان دوست اور امن پسندلوگوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ صدیوں پہلے سندھ کی دھرتی پر آکر شاہ عبد اللطیف بھٹائی نے لوگوں کو اسلام کی تعلیمات سے روشناس کرایا اور لوگوں کو ایک دوسرے سے نفرت کے بجائے ایک دوسرے سے محبت ، پیار اور احترام انسانیت سمیت امن و بھائی چارے کا درس دیا۔الطاف حسین کہاکہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے پیغام امن و محبت کو فروغ دیاجائے ، اسے عملی طور پر اپنایاجائے ، ذات پات ، رنگ ،نسل ،زبان ، نسل ، قومیت ، مسلک ، عقیدہ اور مذاہب کی تفریق ختم کرکے احترام انسانیت کی بات کی جائے ، خواتین کے حقوق کا مکمل احترام کیاجائے اور انتہا پسندی سے نجات کیلئے حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی کی تعلیمات پر عمل کیاجائے ۔