5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
4سال میں ایساف کنٹینرز غائب ہونے کی رپورٹ جیو نیوز کو موصول
جنگ نیوز -
اسلام آباد… گذشتہ سال میڈیا میں ایساف فورسز کے آٹھ ہزار کے قریب کنٹینرز کے غائب ہونے کی خبر نشر ہونے کے بعد سپریم کورٹ نے اس کا از خود نوٹس لیا اور وفاقی ٹیکس محتسب شعیب سڈل کو تحقیقات کا حکم دیا ۔ اس رپورٹ کی کاپی کی ایگزیکیٹو سمری کی کاپی جیو نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر تحقیقات کے بعد وفاقی ٹیکس محتسب نے اپنی رپورٹ اعلیٰ عدلیہ کو جمع کرادی ہے۔تحقیقاتی رپورٹ میں محکمہ کسٹمزمیں اربوں روپوں کی سنگین نوعیت کے کرپشن کا پردہ چاک کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آخری چاربرسوں میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے 7922 کنٹینرز کا مال چوری کیا گیا، جس کی وجہ سے قومی خزانے کوکم از کم 19 ارب روپے کا نقصان اٹھا نا پڑا۔۔ اعدادوشمار اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہیں۔ تحقیقات میں ثابت ہوا کہ محکمہ کسٹم کا ون کسٹمز سسٹم بڑی ٹرانزیکشن میں فراڈ کیلئے مواقع فراہم کرتا ہے اور ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ رکھنے والا کسٹم کا نظام پرال ناقابل بھروسہ ہے۔ مختلف طریقوں سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں فراذز اور کرپشن کرنے والوں کی جانچ پڑتال کا نظام بھی انتہائی کمزور ہے۔ رپورٹ میں واضح کہا گیا ہے کہ یہ تمام باتیں ایف بی آر حکام کے علم میں ہیں لیکن تمام فراڈوں کی پردہ پوشی کی جاتی رہی اورمختلف ادوارمیں ہونے والی تحقیقات میں رکاوٹیں ڈالی گئیں اور رکارڈمیں ردوبدل کیاگیا ۔ذرائع کے مطابق میڈیا میں آنے والی دس ہزار سے زائد ایساف کے کنٹینرز کے غائب ہونے کی خبر کسی حد تک درست تھی کیونکہ پرال کے رکارڈ میں خرابی کی وجہ سے وہ اتنی بڑی تعداد میں کنٹینرز کو گمشدہ دکھاتا رہا۔