5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پہلی ششمالی کے دوران غذائی اجناس کی درآمد میں75فیصد کااضافہ ریکارڈ
جنگ نیوز -
اسلام آباد....زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان میں غذائی اجناس کی درآمد کا سلسلہ جاری ہے اور مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ان میں75 فیصد کا اضافہ ہوا ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے دسمبر2010 کے دوران پاکستان کی غذائی اجناس کی درآمد دو ارب75 کروڑ ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ ایک ارب55 کروڑ ڈالر کی سطح پر تھیں۔ مقامی مارکیٹ میں مہنگائی کی وجہ سے چینی کی درآمد368 فیصد اضافے کے ساتھ61 کروڑ80 لاکھ ڈالر سے زائد رہی، خوردنی تیل کی درآمد60 فیصد بڑھ کر تقریباً93 کروڑڈالر کے قریب پہنچ گئیں اسی طرح خشک دودھ کی درآمد74 فیصد بڑھ کر7 کروڑ30 لاکھ ڈالررہی۔