5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بلوچستان پیکیج پر صرف کاغذی کارروائی ہو رہی ہے،احمدان بگٹی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے بلوچستان پیکیج پر عمل درآمد کے بارے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین کمیٹی احمدان بگٹی کا کہنا ہے کہ پیکیج پر صرف کاغذی کارروائی ہورہی ہے۔قائمہ کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں میر احمدان بگٹی کی صدارت میں ہوا۔ چیف سیکریٹری بلوچستان محمد بخش لہڑی نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کے تحت5 ہزار ملازمتیں دی گئی ہیں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں55 افراد لاپتہ ہیں۔سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ نے کمیٹی کو بتایا کہ ایچ ای سی نے بلوچستان کے لیے6 سو وظائف کا اعلان کیا تھا لیکن فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے ایک بھی نہیں مل سکا۔ سیکریٹری پٹرولیم نے کمیٹی کا بتایا کہ ریکوڈک معاہدہ صوبائی حکومت کا ہے اس میں وفاقی حکومت کا کوئی کردار نہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ بلوچستان پیکیج پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ایچ ای سی کے اعلان کردہ وظائف کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔