5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
گھر پر چھاپہ مارکر سکیورٹی گارڈ گرفتار کرلئے گئے ، نبیل گبول کا دعویٰ
جنگ نیوز -
کراچی … آج شام وزیر مملکت برائے پورٹس اینڈ شپنگ کے عہدے سے مستعفی ہونیوالے سردار نبیل گبول نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے ان کے مکان پر چھاپہ مارا ہے اور وہاں موجود 12سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ٹی پی او کلفٹن طارق دھاریجو نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ خیابان اتحاد ڈیفنس میں واقع سردار نبیل گبول کے گھر پر چھاپہ مارا اور وہاں موجود گارڈ کو حراست میں لے لیا۔چھاپے کی اطلاع انہوں نے خود صحافیوں کو دی۔ انہوں نے جیو نیوز کے نمائندے افضل ندیم ڈوگر سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بتایا کہ ان کے گھر پر کمانڈو طرز کی کارروائی کی گئی اور 12سکیورٹی گارڈ کو اسلحہ و دیگر سامان سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے۔انہوں نے ان کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں، اس لئے وہ منظر عام پر نہیں آسکتے۔ چھاپوں کی وجہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کچھ لوگ ان کے استعفے سے ناراض ہوگئے ہیں، اس لئے ان کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کی جارہی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے کسی بھی ایسی کارروائی کی تردید کی ہے۔