5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کشمور:سوئی سے پنجاب جانیوالی گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ
جنگ نیوز -
کشمور…ضلع کشمور میں سوئی سے پنجاب جانے والی 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو نامعلوم افراد نے دھماکا خیزمواد سے اڑادیا۔ گیس پائپ لائن میں دھماکے سے پنجاب کے بعض علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقہ کشمورکے علاقے تنگوانی کے گوٹھ حاجانی کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے سوئی سے پنجاب جانے والی گیس پائپ لائن کو دھماکا خیزمواد سے اڑا دیا۔ تاہم آس پاس آبادی والے علاقے ناہونے کے باعث کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ متاثرہ گیس پائپ لائن سے گیس خارج ہونے کا عمل جاری ہے جبکہ متعلقہ حکام اب تک جائے وقوعہ پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔ دوسری جانب گیس پائپ لائن میں دھماکے سے پنجاب کے بعض علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔