5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پہلی ششماہی: پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں16 فیصد سے زائداضافہ
جنگ نیوز -
کراچی …بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث، رواں مالی سال کی پہلی شش ماہی کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں16 فیصد سے زائداضافہ دیکھا گیا۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا دسمبر2010 ملک میں5ارب46کروڑ ڈالر مالیت کی پٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئیں،جو گزشتہ سال اسی عرصے سے80کروڑ ڈالر زائد ہیں۔ خام تیل کی درآمدات20 فیصد اضافے کے ساتھ2 ارب6 لاکھ ڈالر ہوگئیں، جن کی مالیت گزشتہ سال1 ارب71کروڑ60 لاکھ ڈالر تھی۔تجزیہ کاروں کے مطابق، بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی قیمتیں، پاکستانی معیشت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ رواں ماہ حکومت نے سیاسی دباؤ کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے لیا تھا، جس سے ایک ماہ کے دوران حکومتی کی آمدنی میں پانچ ارب روپے کمی آئیگی۔