5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کراچی میں رینجرز کا آپریشن،وفاقی و صوبائی وزیرداخلہ دونوں لاعلم!
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رینجرز کی جانب سے کئے گئے آپریشن پر وفاقی و صوبائی وزرائے داخلہ نے لاعلمی کا اظہار کیا ہے، اب سوال یہ ہے کہ کراچی آپریشن کراکون رہاہے، رینجرزنے کس کے حکم پر کارروائی کی۔آج سندھ اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرداخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے رینجرز کی جانب سے کراچی میں کئے جانے والے آپریشن سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز نے آپریشن سے متعلق انہیں، وزیر اعلیٰ سندھ ، آئی جی اور سی سی پی او کو اعتماد میں نہیں لیا۔انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہ میرے دستخط سے رینجرز کو یہ اختیارات دیئے گئے ہیں اور وہ سندھ حکومت کے ماتحت ہیں اور اگر وہ چاہیں تو رینجرز کو دیئے گئے پولیس کے اختیارات واپس لے سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مارشل نہیں بلکہ جمہوری حکومت ہے۔ دوسری جانب کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہاکہ گزشتہ دنوں کراچی میں جو آپریشن ہوا اس سے وہ اور ذوالفقار مرزالاعلم تھے۔یہ انتظامی غلطی تھی آئندہ وزیراعلیٰ اور وزیرداخلہ کواعتماد میں لے کرآپریشن کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ رینجرز کے پاس مکمل اختیارات تھے انھوں نے آپریشن کیا ۔ان کے مطابق نبیل گبول کے گھر پر چھاپے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔رحمان ملک کا کہنا تھاکہ لسانیت کی وجہ سے آدھا پاکستان کھو چکے ہیں ۔انتہا پسندی، فرقہ واریت، لسانیت کے نام پر ملک کومزید تقسیم نہیں ہونے دینگے۔وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ تحفظ ناموس رسالت کے قانون میں کوئی تبدیلی نہیں کررہے ہیں۔ اگر تسلی نہیں ہوتی تو وزیر اعظم پاکستان سے قومی اسمبلی میں واضع بیان دینے کوکہوں گا۔انہوں نے بتایاکہ تحفظ ناموس رسالت قانون میں ترمیم کے لئے بنائی گئی کمیٹی نوٹیفائی نہیں ہے تو اسکو تحلیل کیسے کریں۔رحمان ملک نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں دہشت گردی کامنصوبہ ناکام بنایاہے اوراس کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرچکے ہیں۔