5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
حکومت پالیسیوں پر عمل درآمد کی صلاحیت نہیں رکھتی،عشرت حسین
جنگ نیوز -
کراچی … انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ معاشی مسائل کی بڑی وجہ حکومت میں پالیسیوں پر عمل درآمد کی صلاحیت کا نہ ہونا ہے۔جیو نیوز کے پروگرام1 سے2 میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت نے کہا کہ معاشی لحاظ سے پاکستان، ایشیا میں تو بنگلا دیش اور سری لنکا سے بھی پیچھے رہ گیا ہے،خدشہ ہے کہ کہیں افریقی ممالک سے بھی پیچھے نہ رہ جائے۔انہوں نے کہا کہ معاشی بہتری کے لیے سیاسی پارٹیوں کا مل بیٹھ کر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کے لیے بات چیت کرنا ایک مثبت عمل ہے، تاہم پاکستان کا اصل مسئلہ مجوزہ پالیسیوں پر عمل درآمد نہ ہونا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت تیل اور بجلی پر مزید سبسڈی دینا برداشت نہیں کرسکتی، سبسڈی جاری رکھنے کی صورت میں مرکزی بینک کو مزید نوٹ چھاپناپڑیں گے، جس سے مہنگائی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ امرا کو فائدہ پہنچانے والی پالیسیوں سے نکل کر عوامی فلاح کی پالیسیاں بنانا پڑیں گی۔