5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ناموس رسالت قانون پر تمام علماو مشائخ اور فرقے متفق ہیں، محنتی
جنگ نیوز -
کراچی … امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی کا کہنا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت قانون پر تمام علماو مشائخ اور فرقے متفق ہیں لیکن حکمرانوں میں کچھ سازشی عناصر ایسے موجود ہیں جو اس قانون میں تبدیلی چاہتے ہیں۔یہ بات انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے قانون تحفظ ناموس رسالت کے قانون میں ممکنہ تبدیلی کیخلاف بچوں کی جانب سے نکالی جانیوالی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ریلی میں نجی اور سرکاری اسکولوں کے طلبا و طالبات کے ساتھ مدارس کے طلبا نے بھی شرکت کی۔ریلی سے مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر غفور احمد نے بھی خطاب کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ قانون تحفظ ناموس رسالت میں تبدیلی چاہتے ہیں انہیں پاکستان میں رہنے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی۔جبکہ محمد حسین محنتی کا کہناتھا کہ وزیراعظم پاکستان یوسف گیلانی اور فوزیہ وہاب نے قانون میں ترمیم نہ کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ اس قانون کے طریقہ کار میں تبدیلی کی جائیگی لیکن ہم کسی بھی قسم کی تبدیلی ہرگز برداشت نہیں کریں۔