5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کراچی: پیاز ، آلو اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی
جنگ نیوز -
کراچی …چند دن پہلے آسمان سے باتیں کرنیوالی سبزیوں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں کمی ہوگئی ہے، ہول سیل منڈی میں قیمت بالترتیب45 اور20روپے فی کلوہوگئی۔کراچی ہول سیل ویجی ٹیبل مارکیٹ کے صدر حاجی شاہ جہاں کے مطابق چند روز پہلے آسمان کی بلندی کو چھونے والی سبزیوں کی قیمتوں میں رسد میں بہتری آنے کے باعث کمی ہوئی ہے۔ چند دن پہلے50روپے تک بکنے والی پیاز ہول سیل مارکیٹ میں 20روپے فی کلو، آلو12روپے اور ٹماٹر45روپے فی کلو کی سطح پر آگیا ہے۔سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کی وجہ بتاتے ہوئے حاجی شاہ جہاں نے بتایا کہ بھارت سے ٹماٹر کی رسد دوبارہ شروع ہونے جبکہ سیلاب کے بعد زمین کی قدرتی طور پر زرخیزی میں اضافہ کے باعث ملک میں پیاز اور آلو کی بمپر فصل اور اس کی رسد میں بہتری کے باعث قیمتوں میں کمی ہوگئی ہے۔