5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ایم کیو ایم ملک بھر کی تمام قومیتوں کی جماعت ہے ، یوسف شاہوانی
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اتوار 30/ جنوری2011ء کو لال قلعہ گراوٴنڈعزیزآباد میں ایک بڑے جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ جلسہ متحدہ قومی موومنٹ میں شامل دیگر قومیتوں پختون ، پنجابی ، بلوچ ، سندھی ، ہزارے والے ، سرائیکی ، گلگتی ، بلتی اور کشمیری کارکنوں کی اپنی خواہش کے احترام میں منعقد کیا جارہا ہے۔ اس کا اعلان رابطہ کمیٹی کے ارکان یوسف شاہوانی ، اشفاق منگی اور گلفراز خان خٹک نے جمعرات کو خورشید بیگم میموریل ہال عزیزآباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم کیو ایم کی کراچی مضافاتی کمیٹی اور متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کے ذمہ داران بھی موجود تھے ۔یوسف شاہوانی نے کہا کہ یہ جلسہ ثابت کردے گا کہ ایم کیو ایم ناصرف اردو بولنے والے بلکہ تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والوں کی جماعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب بلوچستان میں بھی ایم کیو ایم کے تحت ایک بڑا جلسہ عام منعقد ہوگا ، بلوچستان میں ایم کیو ایم کے 30اضلاع میں دفاتر موجود ہیں ۔رکن رابطہ کمیٹی اشفاق منگی نے کہا کہ پنجاب میں بھی ایم کیو ایم کا ایک بڑا جلسہ عام ہونے جارہا ہے ، بلوچستان کے مسئلے پر ایم کیو ایم نے اپنے موقف کا بارہا اظہار کیا ہے اور عملی اقدامات بھی کیے ہیں ، یہ منفی پروپیگنڈا کیا جاتاہے کہ متحدہ قومی موومنٹ صرف اردوبولنے والوں کی جماعت ہے اور اس کے عوامی نمائندے بھی صرف اردوبولنے والے ہوتے ہیں اوراس کے مرکزی شعبوں میں بھی اردوبولنے والوں کے علاوہ کوئی اورزبان بولنے والاموجود نہیں ہے یہ تاثرقطعی طورپرغلط اوربے بنیادہے، 30/ جنوری 2011ء کو ہونے والا جلسہ انقلاب کی نوید ہوگا ۔انھوں نے کہا کہ سینیٹ ،قومی اسمبلی ، صوبائی اسمبلی آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان قانون سازاسمبلی میں ایم کیو ایم کے دیگر قومیتوں کے حق پرست نمائندے بھی کام کررہے ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی سے لیکر شعبہ جات ، زون ، سیکٹر اوریونٹ کی سطح پرمختلف زبانیں بولنے والے ذمہ داران نہ صرف شامل ہیں بلکہ معمول کے مطابق اپنے تنظیمی فرائض بھی انجام دے رہے ہیں،ایم کیوایم کا پنجاب ، سندھ، بلوچستان ، خیبر پختونخواہ ، آزاد کشمیر ، اورگلگت بلتستان میں تنظیمی ڈھانچہ اوراسکے ذمہ دار و کارکنان بڑی تعداد میں موجودہیں۔ ایم کیوایم ایک ملک گیرجماعت ہے جس کی مضبوط جڑیں ملک بھرمیں موجودہیں۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے حق پرست عوام 30جنوری کے جلسے میں بہت بڑی تعدادمیں شرکت کرکے ثابت کردینگے کہ وہ قائدتحریک الطاف حسین کی قیادت پربھر پور اعتمادکرتے ہیں اورانہیں ہی اپنانجات دہندہ سمجھتے ہیں۔ہم تمام قومیتوں کے بھائیو ں بزرگوں اور ماؤں بہنوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس جلسہ عام میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں اورا پنے اتحادسے ثابت کردیں کہ ایم کیو ایم تمام قومیتوں، اورثقافتی اکائیوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے اورملک کے تمام محروم ومظلوم عوام اس کے پلیٹ فارم سے فرسودہ جاگیردارانہ، وڈیرانہ اور موروثی نظام کوختم کرنے کی جدوجہدکررہے ہیں۔