5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مشرف دور میں مسئلہ کشمیر حل کرنے کے قریب پہنچ گئے تھے،خورشید قصوری
جنگ نیوز -
نئی دہلی…سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے انکشاف کیا ہے کہ پرویز مشرف دور حکومت میں بھارت اور پاکستان مسئلہ کشمیر حل کرنے کے بہت قریب پہنچ گئے تھے ،معاہدے کو پاکستان فوج کی حمایت بھی حاصل تھی ۔سابق وزیر خارجہ نے بھارتی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا کہ دونوں ملکوں کی حکومتوں نے معاہدے کی تیاری میں سخت محنت کی تھی ، صرف مسودے کی نوک پلک درست کرنا باقی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر کو خود مختار حیثیت دینے پر رضامند ہو گیا تھا ۔ بھارت کا اصرار تھا کہ جس قسم کی خود مختاری مقبوضہ کشمیر کو حاصل ہوگی پاکستان کے زیر انتظام کشمیر بھی ویسا ہی خود مختار ہوگا، جسے پاکستان نے منظور کر لیا تھا۔ خورشید محمود قصوری نے واضح طور پر کہا کہ تیارشدہ مسودے کو، کشمیری قیادت، فوج اور جنرل کیانی کی حمایت حاصل تھی۔ جنرل کیانی اس وقت آئی ایس آئی کے سربراہ تھے،خورشید قصوری کا کہنا تھا کہ ایک تیسرا ملک بھی مشاورت میں شامل تھا لیکن وہ اس کا نام نہیں بتائیں گے ۔