5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
شہید ولی بابر کے قاتلوں کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں،رحمان ملک
جنگ نیوز -
کراچی…وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے انکشاف کیاہے کہ ولی خان بابر کے قاتلوں کے قریب پہنچ گئے ہیں،قاتلوں کی شناخت کر لی گئی ہے میڈیا کو ایک دو روز میں آگاہ کریں گے،وزیر داخلہ نے یہ انکشاف جیو نیوز کراچی کے دفتر آمد کے موقع پرکئے۔وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر وقار مہدی اور پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے صدر نجمی عالم بھی موجود تھے ۔انہوں نے جیو نیوز کے رپورٹر ولی خان بابر کی شہادت پر جیو نیوز کی انتظامیہ اور سینئرصحافیوں سے تعزیت کی۔رحمان ملک نے کہا کہ گرفتار شدگان ڈپٹی کمانڈر لیول کے لوگ ہیں،اگر وہ نہ پکڑے جاتے تواسمبلی پربھی حملہ ہوسکتاتھا،کئی بڑے سیاسی رہنماان کے نشانے پرتھے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے جیونیوز کے بائیکاٹ سے ہٹ کر صدر مملکت اور وزیراعظم کی طرف سے تعزیت کرنے آئے ہیں۔جیو نیوزکے دفتر میں موجودگی کے دوران رحمان ملک نے شہید صحافت ولی خان بابر کے ساتھ اپنی ملاقاتوں اور کوریج کی یادیں بھی دہرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ولی خان بابر پرعزم نوجوان اور ملک کا سرمایہ تھا۔